حیدرآباد، ایک ہی رات میں پانچ پولیس مقابلے، 6 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد
فوٹو: فائل
شہر بھر میں ایک ہی رات کے دوران پولیس کی متعدد کارروائیوں میں مختلف مقامات پر پانچ مبینہ مقابلے ہوئے جن میں مجموعی طور پر 6 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ متعدد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق چھٹے پیر کی موری کے مقام پر منشیات فروشوں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں ایس ایچ او بلدیہ نثار شاہ نے سی آئی اے کٹ ہائی وے روڈ کے قریب ڈکیت گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جن کے قبضے سے پسٹل بھی برآمد کیے گئے۔
تیسرے مقابلے میں تھانہ ٹنڈو یوسف کی پولیس نے مخفی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہوٹل اور چرس سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت مختیار ولد خان محمد کے نام سے ہوئی۔
چوتھا مقابلہ نسیم نگر پولیس نے آئی کون سٹی کے قریب منشیات فروشوں کے خلاف کیا، جہاں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس سے پسٹل اور کرسٹل آئس برآمد کی گئی۔
پانچواں مقابلہ بھٹائی نگر پولیس نے بمبو ہوٹل سے جامشورو جانے والے روڈ کے قریب کیا، جہاں پانچ رکنی رکشہ سوار ڈکیت گروہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے چار ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد ہاشم ولد علی گل برڑو ساکن جامشورو ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل، راؤنڈز اور رکشہ برآمد کیا گیا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان خلیل برڑو، محبوب سومرو، مبین کہوارو اور سراج بروہی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔