وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت تجاوزات اور لینڈ گریبنگ کے خلاف کمیٹی کا اجلاس

قبضہ مافیا اور اراضی واگذاری کے 21 کیسز کا پوائنٹ ٹو پوائنٹ جائزہ لیا گیا جبکہ مزید ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت کراچی میں کاروباری برادری اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی، انسدادِ تجاوزات اور لینڈ گریبنگ کے خلاف کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں قبضہ مافیا اور اراضی واگذاری کے 21 کیسز کا پوائنٹ ٹو پوائنٹ جائزہ لیا گیا جبکہ مزید ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 21 میں سے 6 کیسز حل کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں تجاوزات اور زمینوں پر قبضوں کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت دی کہ شہر میں شکایات کے مرتکب لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر آپریشن ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ تحریری شکایات پر تاخیر نہ کی جائے اور فوری جائزہ لیا جائے، جبکہ سرکاری و نجی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے مؤثر ٹاسکنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید متحرک کیا جائے اور لینڈ گریبنگ کے خلاف آپریشن، اراضی واگذاری میں شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر میکنزم تشکیل دینے اور اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے واضح لائحہ عمل ترتیب دینے کی بھی ہدایت دی۔

کمشنر کراچی نے اجلاس کو بتایا کہ قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشنز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ انسدادِ تجاوزات مہم میں مزید متحرک ہے اور شہر میں سرکاری اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ قبضوں کے خاتمے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ لینڈ مافیا اور قبضہ گروپوں کے خلاف پولیس کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں اور تمام فیلڈ افسران کو بلا امتیاز قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کوآرڈینیشن مزید مضبوط کیا جائے گا اور پولیس، کمشنر کراچی اور تاجر برادری باہمی رابطے میں ہیں۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، اینٹی کرپشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان، کاروباری برادری کے نمائندے، چیئرمین آباد، صدر کے سی سی آئی، ایف پی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن کمیٹی کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

تاجر برادری نے اجلاس کے انعقاد اور اس کے مقاصد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکایات پر بروقت ردعمل اور پولیس سپورٹ قابل ستائش ہے، جبکہ قیام امن اور مفاد عامہ کے تحت جاری اقدامات میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Load Next Story