پی ایس ایل 11: راولپنڈیز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست
(تصویر: پی ایس ایل)
پاکستا ن سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 18 ویں میچ میں راولپنڈیز کی ٹیم 183 رنزرنز کا تعاقب کرتے ہوئے 18 ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 31 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ ڈیرل مچل 30، یاسر خان 22، عبداللہ فضل 20، عثمان خواجہ 7، مبصر خان 6، سیم بلنگز 1، کپتان محمد رضوان، آصف آفریدی اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہاں داد خان، سعود شکیل اور عثمان طارق نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور کاشف بھٹی نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سےقبل راولپنڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سعود شکیل 42 اور حسن نواز دھواں دار 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جہاں داد خان نے 6 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
راولپنڈیز کی جانب سے بین سیئرز نے 3، محمد عامر نے 2 اور مبصر خان نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔