ایرانی وفد کے طیارے میں مناب حملے میں شہید 168 اسکول بچوں کی تصاویر اور خون آلود بستے بھی شامل

باقر قالیباف نے دورانِ پرواز تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے دنیا کی توجہ مناب سانحے کی جانب مبذول کرا دی

اسلام آباد: ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر ایک جذباتی منظر سامنے آیا ہے، جہاں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دورانِ پرواز ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے دنیا کی توجہ مناب سانحے کی جانب مبذول کرا دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ میں باقر قالیباف نے طیارے کے اندر لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “سفر کے دوران یہ میرے ساتھی ہیں۔” تصویر میں جہاز کی نشستوں پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی بچوں کی تصاویر رکھی گئی تھیں، جنہیں پھولوں سے سجایا گیا تھا، جبکہ بچوں کے بستے اور جوتے بھی نمایاں تھے۔

یہ خصوصی پرواز “مناب 168” کے نام سے اسلام آباد پہنچی، جس میں ایرانی وفد اپنے ہمراہ ان معصوم بچوں کی یادیں لے کر آیا جو 28 فروری کو جنگ کے ابتدائی روز مناب کے ایک اسکول پر ہونے والے حملے میں شہید ہوئے تھے۔ اس حملے میں کم از کم 168 افراد جاں بحق ہوئے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔

Load Next Story