لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس، بڑے روڈ پراجیکٹس کی منظوری
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں بڑے روڈ پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں ملتان وہاڑی روڈ کو صوبے کی پہلی ڈسٹ فری سڑک قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایت کی گئی جبکہ لاہور رنگ روڈ ایس ایل فور، سیالکوٹ رنگ روڈ فیز اور تھل ایکسپریس وے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں راولپنڈی سگنل فری کوریڈور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جہاں 7 انڈر پاس اور ایک اوورہیڈ برج تعمیر ہوگا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 2143 روڈز منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 258 زیر تکمیل ہیں جبکہ 462 سکیموں میں سے 376 مکمل ہو چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے تمام منصوبے 30 جون تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑکوں سے زرعی اور صنعتی رسائی میں بہتری آئے گی اور مساوی ترقی کیلئے ہر شہر اور گاؤں تک سڑکوں کا جال بچھانا ضروری ہے۔