حکومت کی ترجیح ریونیو اکٹھا کرنا نہیں، بحری تجارتی سہولیات فراہم کرنا ہے، وزیرِ بحری امور

کراچی پورٹ ٹرسٹ میں فائر فائٹرز کی خدمات کے اعتراف میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس موقع پر رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو حکومتی اور بندرگاہی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

دورے کے دوران چیئرمین رائس ایسوسی ایشن فیصل جہانگیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاول کی صنعت اس وقت 4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر ہدایت کی کہ چاول کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق 3 کروڑ ایکڑ رقبہ زیرِ کاشت لانے کے منصوبے سے برآمدات میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔

وزیرِ بحری امور نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ بحری تجارتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال نے تاجر برادری کے لیے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ وزیرِ بحری امور کے مطابق عید کے دوران بھی بندرگاہی آپریشن بلا تعطل جاری رہا اور پہلی بار 16 جہازوں کو ہینڈل کیا گیا۔

محمد جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر بنکرنگ سروس کے آغاز سے 300 ارب روپے مالیت کی تجارت متوقع ہے، جبکہ کراچی پورٹ پر ڈریجنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں جہازوں کا ٹرن اراؤنڈ ٹائم کم ہو کر 2 دن رہ جانے کا امکان ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ میں فائر فائٹرز کی خدمات کے اعتراف میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ تقریب کا مقصد فائر فائٹرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور آج کے اصل مہمان یہی فائر فائٹرز ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں بندرگاہوں کو چیلنجز کا سامنا رہا تاہم کے پی ٹی نے 24 روز میں سال بھر کا کارگو ہینڈل کر کے اپنی صلاحیت ثابت کی، عید کے دوران 14 ہزار کنٹینرز کے دباؤ کے باوجود کسی افراتفری کے بغیر ایکسپورٹ کنٹینرز کو مؤثر انداز میں نمٹایا گیا،

انہوں نے کہا کہ چاول ایکسپورٹرز نے بھی پورٹس کی کارکردگی کا اعتراف کیا جو ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، آتشزدگی کا حالیہ واقعہ تشویشناک تھا مگر فائر عملے نے بروقت کارروائی کر کے بڑے نقصان سے بچایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں میں سیاست سے نقصان ہوتا ہے جبکہ آتشزدگی اور مس ڈیکلریشن جیسے مسائل کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کی جائے گی، ضرورت پڑنے پر اسمبلی میں بل بھی پیش کیا جائے گا۔

Load Next Story