فی الحال کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے تاہم امید ہے جلد بات چیت کا کوئی سلسلہ شروع ہوگا، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا وقت ختم ہونے کے باوجود بہنوں اور پارٹی رہنماؤں کو اجازت نہ مل سکی، بیرسٹر گوہر علی خان ملاقات نہ ہونے پر واپس روانہ ہوگئے جبکہ بانی کی بہنیں فیکٹری ناکے پر موجود رہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بڑے سیاسی لیڈر سے ملاقات نہ کرانا سمجھ سے بالاتر ہے، فی الحال کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے تاہم امید ہے جلد بات چیت کا کوئی سلسلہ شروع ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید تناؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا اور داخلی استحکام ناگزیر ہے،
دوسری جانب علیمہ خان نے کہا کہ جیل پہنچنے سے پہلے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی، ایف آئی آر میں نامزد ہونے کے باوجود وہ اپنے بھائی کے لیے آواز اٹھائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مقدمات نہیں سنے جا رہے اور بانی کو جعلی کیسز میں قید رکھا گیا ہے۔