راجپال یادیو نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں کام کیوں نہیں کیا؟
بالی ووڈ کے معروف کامیڈین اداکار راجپال یادیو نے ایک پرانا راز کھولتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی مشہور فلم اوم شانتی اوم میں کام کیوں نہیں کیا؟
ایک حالیہ انٹرویو میں راجپال یادیو نے انکشاف کیا کہ اس فلم کی پروڈکشن بابی چاؤلہ سنبھال رہے تھے، جنہوں نے انہیں شاہ رخ خان سے ملاقات کے لیے کہا تھا۔
تاہم بعد میں کسی غلط فہمی کے باعث یہ تاثر پھیل گیا کہ راجپال نے مصروفیت کے باعث فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے، حالانکہ حقیقت میں انہیں اس پیشکش کا علم ہی نہیں تھا۔
اداکار کے مطابق اس غلط فہمی نے انہیں منفی انداز میں پیش کیا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ معاملہ خود ہی حل ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم ’بلو‘ کے سیٹ پر شاہ رخ خان نے انہیں گلے لگا کر تمام غلط فہمیاں دور کر دیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان کوئی رنجش باقی نہ رہی۔
راجپال یادیو نے شاہ رخ خان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مکمل فنکار ہیں جنہوں نے تھیٹر، ٹی وی اور فلم تینوں میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم ’بلو‘ میں انہوں نے بُدبدیا کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ اس کردار کے لیے ابتدائی طور پر عرفان خان کو بھی زیرِ غور لایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ راجپال یادیو اس وقت اپنی نئی فلم بھوت بنگلہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 17 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔