کراچی؛ اربوں روپے مالیت کی ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 3 خواتین سمیت 9 ملزمان گرفتار

ملزمان، برآمد کی جانے والی ایرانی کرنسی اور گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا، پولیس

فوٹو: پولس

موچکو پولیس نے اربوں روپے مالیت کی ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق موچکو پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر بلوچستان سے کراچی آنے والی 2 کاروں کو روک کر ان کی تلاشی لی تو اس میں سے 236 بنڈل ایرانی کرنسی برآمد ہوئی جس کی مجموعی مالیت 29 ارب 69 کروڑ روپے بنتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دونوں کاروں اور اسپیئر ویل میں کمال مہارت سے چھپائی گئی ایرانی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان نے بتایا کہ موچکو پولیس نے دونوں گاڑیوں میں سوار 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر کے دونوں کاروں کو بھی قبضے میں لے لیا، گرفتار ملزمان کی شناخت بھی کر لی گئی ہے۔

کیماڑی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان، برآمد کی جانے والی ایرانی کرنسی اور گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی نے ایس ایچ او موچکو اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر سب کی کاوشیں لائق توصیف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرنسی اسمگلنگ کے خلاف صوبے بھر میں مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے، کرنسی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور قانون شکنوں کو کسی صورت رعایت نہ دی جائے، پولیس اور متعلقہ ادارے سرحدی و داخلی راستوں کی نگرانی کے عمل کو مزید سخت اور مشتبہ نیٹ ورکس کے خلاف فوری اقدامات یقینی بنائیں۔

Load Next Story