بابر اعظم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا
فوٹو: فائل
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 100ویں نصف سنچری مکمل کر لی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے یہ کارنامہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں سرانجام دیا جہاں وہ 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
اس سے قبل بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ میں 4 ہزار رنز مکمل کیے اور پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے، انہوں ںے یہ شاندار سنگ میل 104 میچز کھیل کر حاصل کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کرکٹر رائلی روسو پی ایس ایل میں 100 میچز کھیلنے والے پہلے غیرملکی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے بابراعظم کے ساتھ خوشی کے لمحات شیئر کیے اور پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ’’100 ففٹیز اور 100 گیمز‘‘ کے ساتھ بابراعظم اور رائلی روسو کی ایک ساتھ تصویر شیئر کی گئی۔
بابر اعظم پی ایس ایل میں تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔ ہر ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی کارکردگی سے شائقین کرکٹ کو متاثر کیا۔