حکومت پنجاب کا غیر منقولہ جائیداد مالکان کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ
حکومت پنجاب نے غیر منقولہ جائیداد مالکان کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت جائیدادوں پر اسٹیمپ ڈیوٹی 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے اسٹیمپ (ترمیمی) آرڈیننس پنجاب میں پیش کیا گیا، جس کے تحت اسٹیمپ ایکٹ 1899 میں ترامیم کی جائیں گی۔ آرڈیننس کے متن کے مطابق دیہی علاقوں میں 3 فیصد اسٹیمپ ڈیوٹی کو کم کر کے 1 فیصد کرنا یکساں قانون سازی کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
آرڈیننس کو گورنر پنجاب کی جانب سے 10 اپریل کو منظوری دی جا چکی ہے۔ متن میں کہا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں 1 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3 فیصد اسٹیمپ ڈیوٹی کے فرق کے باعث مسائل پیدا ہو رہے تھے، جسے ختم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔
مجوزہ ترامیم کے تحت قابلِ منتقلی معاہدے کو بھی اسٹامپ ایکٹ 1899 میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ قانون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور اسٹیمپ ڈیوٹی کے نظام کو یکساں کیا جا سکے۔
آرڈیننس منظوری کے بعد 90 دن کے لیے نافذ العمل ہوگا اور اسے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ بعد ازاں ایوان سے منظوری کے بعد یہ آرڈیننس باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔