خطے میں کشیدگی بڑھی تو تیل و گیس کی سپلائی پر مزید اثر پڑے گا، حکام پیٹرولیم ڈویژن

پاکستان کے پاس زیادہ تر پیٹرولیم مصنوعات گلف سے آتی ہیں، قطر سے مکمل سپلائی بحال ہونے میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں

اسلام آباد:

پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے کہا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی بڑھی ہے تو تیل و گیس کی سپلائی پر مزید اثر پڑے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق منظور کاکڑ کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں درآمدی گیس اور تیل کے بارے میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔

حکام پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ اگر کشیدگی بڑھتی ہے تو سپلائی پر اثر مزید پڑے گا،  پاکستان کے پاس زیادہ تر پیٹرولیم مصنوعات گلف سے آتی ہیں، چین کے لیے 45 فیصد پیٹرولیم مصنوعات کی راہ گزر یہاں سے ہے، قطر سے مکمل سپلائی بحال ہونے میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں۔

حکام پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ کچھ سپلائی جو دستیاب ہے ایک ماہ کے لیے کافی ہے،  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد استعمال بڑھا ہے، گیس کی صورتحال میں فی الوقت بہتری ہے، آر ایل این جی طویل المدتی معاہدوں کے ذریعے پاکستان آتی تھی۔

حکام نے مزید کہا کہ یقینی بنایا ہے کہ گیس کنوؤں سے براہ راست قومی گرڈ میں شامل کی جائے۔
 

Load Next Story