رنبیر، عالیہ اور وکی کوشل کی فلم کب ریلیز ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
بالی ووڈ کے نامور ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ 21 جنوری 2027 کو ریلیز کی جائے گی جس میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشال مرکزی کردار ادا کریں گے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل اپنی رومانوی ایکشن فلم ’لو اینڈ وار‘ کے ساتھ ایک ساتھ بڑی اسکرین پر آنے کے لیے تیار ہیں، جس کی ہدایتکاری سنجے لیلا بھنسالی کر رہے ہیں۔
فلم کے اعلان کے بعد سے ہی مداحوں میں خاصا جوش پایا جا رہا تھا، اور اب باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ یہ فلم 21 جنوری 2027 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کی ریلیز کے حوالے سے یہ اپڈیٹ بھنسالی پروڈکشن ہاؤس نے اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔
ابتدائی طور پر فلم کو 2026 میں ریلیز کرنے کا منصوبہ تھا، تاہم کہانی اور پروڈکشن میں تبدیلیوں کے باعث تاخیر ہوئی۔
حال ہی میں رنبیر کپور نے تصدیق کی تھی کہ یہ فلم ’رمائینا ون‘ کی ریلیز کے بعد ہی آئے گی، جو اب واضح ہو چکا ہے۔