پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہمہ جہت تہذیب سے مالا مال ہے، وزیر اعظم

شہباز شریف کا عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کے موقع پر پیغام

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے کے لیے عالمی سطح پر ایک مخصوص دن کا منایا جانا اس کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ثقافتی ورثہ سماجی تنوع کی عکاسی کرتا ہے، ہمارے ماضی کی حفاظت کرتا ہے، حال کی ترجمانی کرتا ہے اور مستقبل کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ایک ہمہ جہت تہذیب سے مالا مال ہے۔ ہماری سرزمین دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کی امین ہے جو انسانی تخلیقی صلاحیت اور تنوع کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر تمام پاکستانیوں خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ اور فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا ورثہ ہماری قومی شناخت اور اتحاد کی اصل روح ہے۔ آئیے ہم سب مل کر اس انمول قومی اثاثے کی حفاظت کریں اور اس کا جشن منائیں۔

Load Next Story