گڈز ٹرانسپورٹرز کا ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار

ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں، ملک شہزاد اعوان

فوٹو فائل

گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار کردیا۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے برقرار رہیں گے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ جنگی حالات کی وجہ سے ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ کام کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے۔ کام نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دی ہیں۔ موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کی طرف سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، ہم ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 263 روپے  اضافہ کیا گیا تھا، وزیراعظم نے پچھلے ہفتے 135 روپے اور آج 32 روپے 12 پیسے کم کئے۔ کرایوں میں کمی ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد کی جائے گی۔ امید کرتے ہیں کہ مزید بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف مانگا تھا۔ ہم جتنے ٹیکسز ادا کرتے ہیں حکومت اتنی سہولیات بھی ہمیں دے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے آج ہم پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹول ٹیکس ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف دیا جائے۔ عوام کی روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی پیٹرولیم مصنوعات کی کمی اور قیمتیں برقرار رکھنے سے ہوگی۔

Load Next Story