حکومت نے ڈیزل کے بعد ایک اور پیٹرولیم پروڈکٹ کی قیمت میں بڑی کمی کردی

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دی

حکومت پاکستان نے ڈیزل کے بعد ایک اور پیٹرولیم پروڈکٹ کی قیمت میں بڑی کمی کردی۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت نے کمرشل پروازوں کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے ائیرلائنز کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا۔

ذرائع کے مطابق فی لیٹر قیمت میں 23 روپے کمی کی گئی جس کے بعد جیٹ فیول کی نئی قیمت 471 روپے فی لیٹر ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر قیمت میں 46 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس اقدام سے ائیرلائنز کے آپریٹنگ اخراجات میں کمی متوقع ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دی تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو ریلیف کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دی۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت فی لیٹر 385.54 روپے سے کم ہوکر 353.42 روپے ہوگئی۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اطلاق 18 اپریل 2026 سے ہوگا تاہم پیڑول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 134 روپے 81 پیسے کمی کی گئی تھی، اس کمی کے ساتھ ڈیزل کی قیمت 385 روپے 54 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں بھی میں 11 روپے 83 پیسے کمی کردی تھی، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

Load Next Story