اسلام آباد: سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز، 39 مشکوک افراد تھانے منتقل

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز زونل ایس پیز کی زیر نگرانی کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا

اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مختلف تھانوں کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کرپا، ترنول، پھلگراں، کھنہ، کراچی کمپنی، سنگجانی، نون، گولڑہ اور سہالہ کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز زونل ایس پیز کی زیر نگرانی کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران 743 افراد اور 307 گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ 95 دکانوں اور 46 ہوٹلز کی بھی تلاشی لی گئی۔

حکام کے مطابق 272 موٹر سائیکلوں اور 96 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 3 افغان باشندوں سمیت 39 مشکوک افراد اور 18 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے ایک پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈ شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں۔

Load Next Story