تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے، ترقی کےلیے ریلوے کو جدید بنانا ہوگا، حنیف عباسی
کراچی میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے نظام کی کارکردگی اور آئندہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق وزیر ریلوے نے حکام کو ہدایت دی کہ 30 جون تک تمام اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں اور مالی سال کے بقیہ 70 دنوں میں کارکردگی کو تیز کیا جائے۔
اجلاس میں فریٹ سیکٹر کے حوالے سے بتایا گیا کہ 45 ارب روپے کے ہدف میں سے 36 ارب روپے حاصل کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی ہدف مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وفاقی وزیر نے فریٹ آپریشن کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے 25 ہوپر ویگنز فوری طور پر سسٹم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے ہزارہ، غوری اور بدر ایکسپریس کے لیے نئی ریکس مئی کے پہلے ہفتے میں شامل کرنے، جبکہ پاور وین کے پرزہ جات فوری منگوانے اور کوچز کو فعال بنانے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں جی یو 40 لوکوموٹیوز کے ٹریکشن موٹرز کی جلد بحالی اور بین الاقوامی تاخیر کے شکار پرزہ جات ایئر کارگو کے ذریعے منگوانے کا حکم بھی دیا گیا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ 30 جون سے قبل کراچی ڈویژن کے تمام ریلوے اسٹیشنز پر سولر سسٹم کی تنصیب مکمل کی جائے گی، جبکہ سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشنز اور جدید کنٹرول آفسز کے قیام سے ریلوے کو مزید ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ لاہور اسٹیشن کے بعد اگلے مرحلے میں کراچی کینٹ اسٹیشن کو جدید بنایا جائے گا، جبکہ ریلوے کوارٹرز میں غیر قانونی سب لیٹنگ پر سخت کارروائی ہوگی اور ملوث افراد کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ٹرینوں کی وقت کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور کراچی ڈویژن کو مزید فعال اور مسافر دوست بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 31 دسمبر 2026 تک دو نئی انوویشنز متعارف کرائی جائیں گی۔
اجلاس میں ریلوے افسران نے وزیر کو موجودہ منصوبوں اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
اس کے علاوہ سکھر چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے ، ملک کو ترقی دینی ہے تو ریلوے کو مستحکم اور جدید بنانا ہوگا ، سکھر ایکسپریس کو جدید ٹرین میں تبدیل کیا گیا ہے ، تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سکھر کے دورے پر پہنچے ۔ انہوں نے روہڑی ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی روہڑی ریلوے سٹیشن میں تقریب کے بعد سکھر پہنچے ،جہاں انہوں نے سکھر چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ۔ سکھر چیمبر پہنچنے پر سکھر کی تاجر برادری نے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا۔
سکھر چیمبر کے سینئر نائب صدر امیت کمار ،خورشید عالم اور دیگر عہدیداروں نے وفاقی وزیر حنیف عباسی کو سکھر چیمبر آنے پر خوش آمدید کہا ۔
چیئرمین پاکستان ریلوے سید مظہر علی شاہ ، ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی ، حفیظ اللہ اور دیگر افسران بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے سکھر سے کراچی چلنے والی ٹرین سکھر ایکسپریس کے حوالے سے مسائل پیش کئے ۔ انہوں نے سکھر کو مختلف ٹرینوں میں سیٹوں کا کوٹہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے سکھر چیمبر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے ،تاجر برادری کے ساتھ ملکر ریلوے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ روہڑی ریلوے سٹیشن چھے ماہ کے اندر بین الاقوامی طرز کا ریلوے سٹیشن بن جائے گا ،سکھر کے شہریوں کے مطالبے پر سکھر ایکسپریس ٹرین کو نئی بوگیاں لگاکر جدید ٹرین میں تبدیل کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ سکھر میں موجود ریلوے کی املاک اور پلاٹس کو آئوٹ سورس کیا جائے گا ، اس سلسلے میں سکھر چیمبر کے ساتھ مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔