ڈاکٹر سارنگ قتل کیس میں اہم پیشرفت
فوٹو فائل
شارع فیصل مہران ہوٹل کے قریب پیر کی شب بیوی کے سامنے اس کے ڈاکٹر شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کی واردات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے واردات میں استعمال کی گئی گاڑی کا سراغ لگا کر اسے قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سارنگ کے قتل میں استعمال کی گئی گاڑی ملیر سے رینٹ اے کار پر حاصل کی گئی تھی اس حوالے سے پولیس کو اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں جس کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔
انویسٹی گیشن پولیس اس رکشا ڈرائیور کو بھی تلاش کر رہی ہے جس میں ڈاکٹر سارنگ اور ان کی اہلیہ سوار تھے جبکہ انویسٹی گیشن پولیس نے مقتول کی اہلیہ کا بھی بیان قلم بند کرلیا ہے۔
اہلیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر سارنگ کے قتل کے بعد انھیں دوسرے رکشے میں جناح اسپتال لیجایا گیا۔ ڈاکٹر سارنگ گلستان جوہر اور کورنگی میں 2 مختلف اسپتال میں ملازمت کرتے تھے۔