کراچی میں نوجوان کے اغوا اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے ہزاروں ڈالرز ہتھیانے کی ایک اور واردات

ایئرپورٹ کے قریب مسلح افراد نے روک کر کہا آپ نے ڈی آئی جی کے بندے کو اڑایا، مجھے یرغمال بناکر 8600 ڈالرز ٹرانسفر کیے

شہر قائد میں شارٹ ٹرم اغوا کے دوران ڈیجیٹل کرنسی لوٹنے کی ایک اور واردات سامنے آگئی، جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے رہائشی نوجوان متعال خان کے مطابق وہ ایک روز قبل رات ساڑھے 8 بجے لاہوربذریعہ جہازکیلیے گھر سے ایئرپورٹ کیلیے آن لائن ٹیکسی کے ذریعے روانہ ہوئے تو ہوائی اڈے کے قریب ڈرائیور پیٹرول بھروانے کیلیے رُک گیا۔

نوجوان کے مطابق پیٹرول بھروانے کے بعد ایئر پورٹ جانے لگے تو سفید رنگ کے ڈبل کیبن ڈالے نے کیب کے آگے آکر راستہ روکا اور اس میں سے مسلح افراد نکلنے جنہوں نے گاڑی سے باہر نکلنے کا کہا۔

نوجوان کے مطابق مسلح افراد نے کہا کہ تم نے اپنی سیاہ گاڑی سے ڈی آئی جی کے بندے کو اڑایا ہے جبکہ میں نے ایسا کچھ کیا ہی نہیں تھا جس پر میری ان سے بحث بھی چلتی رہی، تھوڑی ہی دیر میں مسلح افراد مجھے اپنی گاڑی میں لے گئے۔

متعال خان کے مطابق مسلح افراد نے میرا فون لیا اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو چیک کیا اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 8 ہزار 600 ڈالر اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرلیے جبکہ میرے دوستوں سے فون پر بات کر کے رقم ادائیگی کا تقاضہ کیا۔

نوجوان کے مطابق مسلح افراد مجھے ڈیڑھ گھنٹہ تک گھماتے رہے اس دوران انہوں نے جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر رات گیارہ بجے کے قریب کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں پھینک کر فرار ہوگئے جس کے میں رکشا کر کے اپنے گھر پہنچا۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ سیفد ڈالے میں سوار مسلح افراد مجھ سے میرے 2 موبائل فون اور دیگر سامان بھی چھین لیا۔ متاثرہ نوجوان کے والد ریحان لانگا نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واردات بدھ کی شب ہوئی تھی تاہم اس وقت وہ ایئر پورٹ تھانے میں موجود ہیں اور قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر کا کہنا تھا واقعے سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائیگی۔

دوسری جانب ایئر پورٹ پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا شکار نوجوان متعال خان کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 52 سال 2026 بجرم دفعات 365 اے چونتیس کے تحت درج کرلیا۔

ایف آئی آر اندراج کے بعد مقدمہ مزید تفتیش کے لیے اے وی سی سی پولیس کو منتقل کر دیا گیا۔ مدعی مقدمہ نے واردات میں 4 نامعلوم صورت شناس ملزمان کو نامزد کیا ہے۔

مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے میرے موبائل فون کے ذریعے 8600 امریکی ڈالر اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے۔ ملزمان مجھ سے لیپ ٹاپ اور آئی فون پرومکس 17 موبائل فون سمیت 2 موبائل فونز بھی چھین کر لے گئے۔

Load Next Story