کیلیفورنیا کے گورنر کا ٹرمپ سے ’بے مقصد‘ ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے امریکی صدر ٹرمپ سے ایران کے خلاف جاری جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں گیون نیوسم نے کہا کہ یہ جنگ ’بے مقصد‘ ہے اور اس کے اثرات براہِ راست امریکی عوام پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔
گورنر نیوسم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو جنگی اخراجات کے بجائے اندرونی مسائل، خاص طور پر مہنگائی اور معیشت پر توجہ دینی چاہیے۔
دوسری جانب امریکی سینیٹر ٹیمی بالڈون نے بھی صدر کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے کے لیے قرارداد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ سے امریکی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ مہنگائی میں اضافہ اور خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا میں ایران جنگ کے حوالے سے اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں اور مختلف سیاسی رہنما حکومت کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو یہ معاملہ امریکا کی داخلی سیاست میں مزید کشیدگی کا سبب بن سکتا ہے۔