گورنر سندھ کی ٹوپی اتارنے کی خبر بے بنیاد قرار، ریلوے پولیس کی وضاحت آگئی
سکھر: روہڑی ریلوے اسٹیشن پر گورنر سندھ کی ٹوپی اتارنے سے متعلق وائرل ویڈیو کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا ہے، ترجمان ریلوے پولیس نے واقعے کی وضاحت جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کی روہڑی اسٹیشن آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی گئی۔
وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس سے یہ تاثر لیا جا رہا ہے کہ گورنر سندھ کی ٹوپی زبردستی اتاری گئی، حالانکہ ایسا نہیں ہوا۔
ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کی اجازت سے ان کے سیکرٹری نے ٹوپی اتاری تھی، جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر دکھایا گیا۔
یاد رہے کہ گورنر سندھ نہال ہاشمی گزشتہ روز بذریعہ ٹرین کراچی سے سکھر پہنچے تھے جہاں انہوں نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر سادہ طرزِ سفر اختیار کیا ہے، نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔