اداکار شان شاہد نے میرا اور ارشاد بھٹی تنازع پر خاموشی توڑ دی
نامور پاکستانی اداکار شان شاہد نے صحافی ارشاد بھٹی اور اداکارہ میرا کے درمیان ہونے والے تنازع پر خاموشی توڑ دی۔
اداکارہ میرا حالیہ دنوں میں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، حال ہی میں وہ ارشاد بھٹی اور ریحان طارق کے پوڈ کاسٹس میں نظر آئیں، جہاں ان سے کیے گئے متنازع اور توہین آمیز سوالات سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
ان انٹرویوز کے دوران میرا نے کسی بھی تنازع کا جواب نہیں دیا اور صرف اپنی آنے والی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر کرتی رہیں۔
اس معاملے پر انہیں مداحوں، میڈیا شخصیات اور فنکار برادری کی جانب سے بھرپور حمایت بھی حاصل ہوئی۔
حال ہی میں ان کے ساتھی اداکار شان شاہد نے بھی میرا اور ارشاد بھٹی تنازع پر نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں میں خاموشی توڑی۔
شان شاہد کا کہنا تھا کہ مجھے ایک بات سمجھ نہیں آتی، تحقیقاتی صحافت اور انٹرٹینمنٹ صحافت دو الگ چیزیں ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی صحافت اپنی حدود پار کر کے انٹرٹینمنٹ کے دائرے میں کیوں داخل ہو جاتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ان کے سوالات اکثر تفتیش جیسے لگتے ہیں، جیسے فنکار کسی انٹرویو میں نہیں بلکہ عدالت یا نیب میں بیٹھے ہوں، میرا مطلب یہ ہے کہ صحافت میں پروفیشنلز کو انٹرٹینمنٹ جرنلزم سیکھنی چاہیے، جو ایک فنکار کے ہنر کے بارے میں ہونی چاہیے، نہ کہ تحقیقاتی صحافت کی طرح وہاں ’تفتیش‘ نہیں ہونی چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوتا ہے جب وہ فنکاروں کو صادق اور امین دیکھنا چاہتے ہیں، انسان غلطیاں کرتے ہیں، آپ کو اپنے پوڈکاسٹ میں کامل انسان کیوں چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت اچھے لوگوں کو ایسی بری حرکتیں کرتے دیکھتا ہوں ، ہم انہیں دیکھتے ہیں، وہ اچھے شوز کرتے ہیں، ہم انہیں فالو کرتے ہیں، عزت دیتے ہیں اور ان کے تجزیے سنتے ہیں، لیکن پھر وہ اپنی عزت کھو دیتے ہیں۔
شان شاہد نے مزید کہا کہ اب فنکاروں کو میزبانوں کے پوڈکاسٹس میں جانے سے پہلے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں مکمل ہوم ورک کر کے جانا چاہیے۔