غیر قانونی اسٹوریج پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ہزاروں لیٹر پیٹرول برآمد
(فوٹو: فائل)
شہر قائد میں غیر قانونی اسٹوریج پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی کے دوران ہزاروں لیٹر پیٹرول برآمد کرلیا گیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے غیر قانونی آئل اسٹوریج اور پیٹرول چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مہران ٹاؤن میں قائم ایک غیر قانونی آئل اسٹوریج سہولت پر چھاپا مارا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی انکوائری نمبر 61/2026 کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران 50 ہزار لیٹر گنجائش کا ایک ٹینکر لاری برآمد کیا گیا، جس میں 49 ہزار 838 لیٹر پیٹرول (RON-92) موجود تھا۔ ٹینکر پیٹرول کی چوری اور غیر قانونی منتقلی میں ملوث پایا گیا، جہاں سے پیٹرول کو عارضی ڈرمز میں منتقل کر کے چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے مختلف پیٹرول پمپس تک پہنچایا جا رہا تھا۔
ڈرائیور کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے مزید کارروائی کرتے ہوئے مغل فلنگ اسٹیشن (لکی پیٹرولیم) پر بھی چھاپا مارا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مغل فلنگ اسٹیشن کا پیٹرولیم لائسنس محکمہ ایکسپلوسوز سے تصدیق کے بعد جعلی قرار پایا، جس کے بعد اس نیٹ ورک کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کر دی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق واقعے میں ملوث متعدد ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 409، 406، 420، 468، 471 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نامزد ملزمان میں محمد طارق، ریاض خان، عبدالحمید، لیاقت علی، دلنواز، عمر حیات، احمد خان، رفیق، رضا خان اور فہمید خان شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید تفتیش جاری ہے ۔ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ غیر قانونی آئل اسٹوریج، پیٹرول چوری اور جعلی لائسنس کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔