مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز لگ گئے، امن کوششوں پر خراج تحسین
ایران امریکا تنازع اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز لگ گئے۔
ظلم و جبر اور قتل عام کے باوجود قابض بھارت کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت نہ نکال سکا، جس کا ثبوت یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ایران امریکا جنگ بندی پر پاکستانی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں پاکستان کے حق میں پوسٹر لگا دیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پوسٹر کے ساتھ سبز ہلالی پاکستانی پرچم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ پوسٹر میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امریکا ایران جنگ بندی پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے حق میں یہ پوسٹر جموں و کشمیر یوتھ موومنٹ کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پولیس نے پاکستان کے حق میں پوسٹر لگانے پر ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد کے باوجود کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں قابض فورسز کی موجودگی کے باوجود بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا۔
معرکہ حق میں شاندار کامیابی اور سیاسی و ملٹری ڈپلومیسی کے باعث پاکستان کا بطور نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کردار دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔