واٹس ایپ گروپ کے ایڈمنز خبردار ہو جائیں، بھاری جرمانوں کی سخت وارننگ آگئی
متحدہ عرب امارات میں سائبر قوانین کے حوالے سے حکام نے شہریوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہونے والی پرائیویٹ چیٹس بھی قانون سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ سائبر کرائم قوانین کی مکمل پابندی کریں کیونکہ نجی گفتگو، تصاویر یا پیغامات کو بغیر اجازت شیئر کرنا ایک قابل سزا جرم ہے۔
حکام نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ کسی کی پرائیویٹ چیٹ کا اسکرین شاٹ لینا اور اسے آگے بھیجنا قانونی خلاف ورزی شمار ہو سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جھوٹی، گمراہ کن یا غیر تصدیق شدہ معلومات کو فارورڈ کرنا بھی سنگین جرم ہے، جس پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق ایسے جرائم پر 2 لاکھ 50 ہزار سے لے کر 5 لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
مزید یہ کہ واٹس ایپ گروپس کے ایڈمنز کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے گروپس میں شیئر ہونے والے مواد کے ذمہ دار ہوں گے۔ اگر گروپ میں کوئی غیر قانونی یا متنازع مواد شیئر کیا جاتا ہے تو اس کی ذمہ داری ایڈمن پر بھی عائد ہو سکتی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں، غیر مصدقہ خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے بچیں تاکہ قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔