سندھ پولیس میں بھرپور ایکشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، سنگین الزامات پر افسران سمیت 22 اہلکار معطل
سندھ پولیس میں اختیارات کا ناجائز استعمال اور سنگین الزامات پر 22 پولیس افسران اور اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس افسران کی جانب سے کراچی سمیت اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کو معطل کیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
آج معطل کیے گئے 22 پولیس افسران و اہلکاروں پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال سمیت دیگر الزامات عائد ہیں جس میں کچھ کے خلاف انکوائری کا بھی عمل جاری ہے ۔
ڈی آئی جی اسٹیبلیشمنٹ سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کیپٹن (ر) پرویز احمد چانڈیو نے اندرون سندھ کے 2 ایس ایچ اوز، ڈی آئی بی اور سی آئی اے انچارج سمیت 9 پولیس افسران و اہلکاروں اور انچارج ڈی آئی بی ڈسٹرکٹ ملیر کو معطل کر کے گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر ساؤتھ میں قائم بی کمپنی رپورٹ کرنے کا حکمنامہ جاری کیا۔
حکم نامے کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بخارہ شریف ٹنڈوالہ یار انسپکٹر الن خان عباسی ، ایس ایچ او تھانہ گھارو ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ انسپکٹر محمد شہزاد الیاس ، انچارج سی آئی اے ڈسٹرکٹ لاڑکانہ سب انسپکٹر ارشد محمود ، پولیس لائن ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہ یار میں تعینات انسپکٹر محبوب عالم ، اے ایس آئی سرمد امام اور کانسٹیبل عبدالرحمٰن ، کوئیک رسپارنس فورس (کیو آر ایف) ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہ یار ہیڈ کانسٹیبل محمد بخش ، ڈسٹرکٹ کشمور کے تھانے میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل سکندر علی پنہور شامل ہیں۔
ڈی آئی جی اسٹیبلیشمنٹ نے ڈسٹرکٹ ملیر کے ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر عدیل احمد شاہ کو بھی معطل کر کے گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر بی کمپنی تبادلہ کر دیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے تھانے الفلاح کے ایس ایچ او انسپکٹر راؤ عمیر کو معطل کر کے پولیس ہیڈ کوارٹر ایسٹ زون تبادلہ کر دیا جبکہ ان کے خلاف انکوائری کا بھی عمل جاری ہے،
اُدھر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الہی مستوئی نے ایک پولیس افسر اور 5 اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا جس کے مطابق پاکستان بازار تھانے میں تعینات سب انسپکٹر عارف شاہ جبکہ پیر آباد تھانے میں تعینات 4 پولیس کانسٹیبل نعیم پٹنی ، اصغر ، شہروز طارق اور ممتاز جبکہ اقبال مارکیٹ تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل امجد کو معطل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معطل کیے جانے والوں کو فوری طور پر پولیس ہیڈ کوارٹر ویسٹ زون رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی سنگھار ملک نے موچکو اور جیکسن تھانے کے اے ایس آئی سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق موچکو تھانے کی مشرف کالونی پولیس چوکی انچارج اے ایس آئی نعیم نواز ، ہیڈ کانسٹیبل مصدق رشید اور کانسٹیبل سید ریاض حسین ، جیکسن تھانے کے ہیڈ محرر ہیڈ کانسٹیبل طیب علی جبکہ جیکسن تھانے میں تعینات کانسٹیبل یوسف شامل ہیں۔
معطل کیے جانے والوں کو فوری طور پر سسپینڈ کمپنی پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن ساؤتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ ان کے خلاف انکوائری کا بھی عمل جاری ہے۔