ایف آئی اے کراچی کا کرپشن اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کیخلاف کریک ڈاؤن، سابق پوسٹ ماسٹر گرفتار
ایف آئی اے کراچی زون نے کرپشن اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائیاں کرتے ہوئے سابق پوسٹ ماسٹر محمد شفیق اور مفرور ملزم نیاز احمد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے محمد شفیق کو حراست میں لیا، جن پر سرکاری فنڈز میں 49 لاکھ روپے سے زائد خردبرد کا الزام ہے۔
ملزم نے مبینہ طور پر جعلی منی آرڈرز، ارجنٹ ایم اوز اور بوگس ای ایم ایس و فارن پارسل بکنگ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
دوسری جانب اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم نیاز احمد کو گرفتار کیا، جو ورک ویزا کے نام پر شہری سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کے الزام میں مطلوب تھا اور طویل عرصے سے روپوش تھا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف خفیہ نگرانی اور انکوائری کے بعد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ کرپشن، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔