کمسن بچہ ریل کی پٹڑی پر گرگیا، باپ نے چلتی ٹرین کے نیچے آکر اسے بچالیا، ویڈیو وائرل
بنگلا دیش میں ایک حیران کن اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اپنے کمسن بچے کی جان بچا لی۔ یہ واقعہ بھیرب ریلوے جنکشن پر پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 28 اپریل کی دوپہر کو پیش آیا، جب ڈھاکہ جانے والی ایک مسافر ٹرین پلیٹ فارم نمبر ایک پر داخل ہو رہی تھی۔ ایک میاں بیوی اپنے بچے کے ساتھ ٹرین میں سوار ہونے کے لیے اسٹیشن پر موجود تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق، ٹرین میں سوار ہوتے وقت خاتون کا پاؤں پھسل گیا اور وہ اپنے بچے سمیت پلیٹ فارم پر گر گئی۔ اسی دوران بچہ اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان خطرناک خلا میں جا گرا، جبکہ ٹرین چلنا شروع ہو چکی تھی۔
اس نازک موقع پر بچے کے والد نے بغیر کسی تاخیر کے پٹری پر چھلانگ لگا دی، بچے کو اٹھایا اور خود زمین پر لیٹ کر اسے مضبوطی سے تھام لیا۔ ٹرین کے کئی ڈبے ان کے اوپر سے نہایت قریب سے گزرتے رہے، لیکن باپ اور بچہ بالکل ساکن رہے۔
خوش قسمتی سے دونوں معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور ٹرین گزرنے کے بعد باپ اپنے بچے کے ساتھ صحیح سلامت اٹھ کھڑا ہوا، جبکہ ماں روتے ہوئے ان کے پاس پہنچ گئی۔
Kishoreganj, April 28 — A father and his one-year-old son narrowly escaped death after falling into the gap between a moving train and the platform at Bhairab Railway Station.#Kishoreganj #Bhairab #Bangladesh #Train #Father #Baby pic.twitter.com/RLek04dGcf
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اردگرد موجود افراد خوف اور حیرت کے عالم میں چیخ رہے تھے اور دعائیں کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے باپ اور بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔