وزیراعلیٰ سندھ سے ڈنمارک کی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلۂ خیال
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیرس مورٹینسن نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع، خصوصاً توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں بھی کام کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے سندھ حکومت کے پاس اپنی ٹرانسمیشن کمپنی موجود ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سستی بجلی کی فراہمی کے لیے پیداوار بڑھانے اور لائن لاسز کم کرنے کی ضرورت ہے، جس سے عوام کو ریلیف اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ماحولیاتی تحفظ اور صاف توانائی، خصوصاً ونڈ انرجی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت قابلِ تجدید توانائی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتی ہے، جبکہ ڈنمارک کی سفیر نے گرین انرجی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ساحلی ترقی کے حوالے سے کیٹی بندر پر بھی بات ہوئی، جسے وزیراعلیٰ نے تاریخی اہمیت کا حامل علاقہ قرار دیتے ہوئے جدید بندرگاہ کے طور پر ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیٹی بندر کی ترقی سے کراچی کی بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا اور یہ علاقہ مستقبل میں اہم معاشی مرکز بن سکتا ہے۔ ڈنمارک کی سفیر نے بھی اس منصوبے کو علاقائی تجارت کے لیے اہم قرار دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔