راولپنڈی؛ ہوٹل میں متعدد بار زیادتی کے بعد خاتون حاملہ، پیدا ہونے والی بچی بھی چھین لی گئی

ملزمان سعید اور طیبہ عرف عالیہ کے کہنے پر طرح طرح کے افراد آتے اور مجھے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتے، متاثرہ خاتون

راولپنڈی:

تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں مسواک فروخت کرکے محنت مزدوری کرنے والی خاتون کو ہوٹل میں محبوس رکھ کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنوایا جاتا رہا، خاتون کی بچی پیدا ہونے پر بچی کو ماں سے چھین لیا اور بلیک میل کرکے زیادتی کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے نوٹس لیا جس پر ایس پی راول سعد ارشد کی نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی سید اظہر شاہ پر مشتمل ٹیم نے مقدمہ درج کرکے مبینہ نائیکہ کو گرفتار کرکے معصوم بچی کو باحفاظت بازیاب کروا لیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق وہاڑی کی رہائشی ہوں اور 9 سال قبل والد کے ساتھ محنت مزدوری کرنے راولپنڈی آئے، مسواک فروخت کرکے گزر اوقات کرتی رہی۔ رہائش ندیم ہوٹل پیر ودھائی میں تھی، والد واپس چلے گئے جبکہ میں ہوٹل میں رہتی رہی۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ہوٹل کے مینیجر سعید اور طیبہ عرف عالیہ نے مجھے کمرے میں بند کرکے نامعلوم شخص کو بجھوایا جس نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، شور کرنے اور والد سے رابطہ کرنے کا کہنے پر دھمکیاں دیتے رہے۔

مقدمہ متن کے مطابق سعید اور طیبہ عرف عالیہ کے کہنے پر طرح طرح کے افراد آتے اور مجھے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتے، اس دوران حاملہ ہوگئی جبکہ سول اسپتال راولپنڈی میں میری بیٹی پیدا ہوئی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق بچی کو لے کر پیر ودھائی پہنچی تو مسماتہ طیبہ اور سعید نے زبردستی بچی چھین کر دھمکیاں دیں کہ شور کیا تو دونوں کو مار دیں گے، ڈر کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں کروائی اور متعدد بار بچی کو حوالے کرنے کا کہا لیکن نہیں کی۔

مدعیہ مقدمہ کے مطابق طیبہ عرف عالیہ اور سعید کے پاس بچی کے لیے منت سماجت کی تو ہوٹل مینیجر سعید نے بھی زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا لیکن بچی دینے سے انکار کر دیا۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ملزمان نے ایک جعلی اسٹاپ بھی تیار کیا جس کا مجھے علم نہیں ہے، بعد ازاں میرا نکاح 7 ماہ قبل مجاہد سے ہوا جس نے مجھے حوصلہ دیا کہ بچی واپس لے کر ہم پا لیں گے۔

مدعیہ مقدمہ کے مطابق اب قانونی کارروائی کے لیے آئی ہوں، طیبہ عرف عالیہ اور ہوٹل مینیجر سعید نے بلیک میل کیا اور دوسروں سے زیادتی کرواتے رہے، بچی کو اغوا کرکے سعید نے خود بھی مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ہوٹل مینیجر سعید اور طیبہ عرف عالیہ وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے بیٹی بازیاب کرائی جائے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے نوٹس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مسماتہ طیبہ عرف عالیہ کو گرفتار کرلیا جبکہ مغویہ بچی کو بھی باحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ

Load Next Story