لاہور کے علاقے شمالی چھاؤنی میں نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق نجی کمپنی کے مالک نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر خاتون کو نوکری کا لالچ دے کر بلایا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ زیادتی کی۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ایس ایچ او شمالی چھاؤنی عاطف اقبال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم ناصر کو گرفتار کرلیا، جسے مزید تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں نامزد ملزمان ناصر اور خالد حمید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا ہے کہ خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔