خیبر پختون خوا میں 8مئی سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
اس دوران جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا۔ متعلقہ اداروں کو ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے جبکہ اسپتالوں میں طبی عملہ اور سہولیات کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے۔ گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے۔
عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے جبکہ کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
بزرگ اور بچے صبح 10 سے شام پانچ کے اوقات میں براہ راست سورج میں نہ نکلے۔ ہیلتھ/میڈیکل سروسز، پیرا میڈیکس اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ اور ہیٹ اسٹروک سینٹر کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔