وائرل ویڈیو نے زندگی بدل دی، اظہر میمن کو پی ٹی وی میں ملازمت مل گئی
کراچی کی سڑکوں پر کام کرتے ہوئے منظرِ عام پر آنے والے اظہر میمن کی زندگی نے غیر متوقع موڑ لے لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں بی ایس 16 کی ملازمت کی پیشکش کردی گئی ہے۔
اظہر میمن نے پاکستان کے معروف تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی۔ تاہم زندگی کے نشیب و فراز نے انہیں ایسے حالات سے دوچار کر دیا کہ وہ کراچی کی سڑکوں پر محنت مزدوری کرتے دکھائی دیے۔
میڈیا پر سامنے آنے والے ان کے انٹرویو اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا صارفین کو جذباتی کر دیا تھا۔ لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہونے والے آئی بی اے سے تعلیم حاصل کرنے والا نوجوان ایسے حالات تک کیسے پہنچ گیا۔
اظہر میمن کی وائرل ویڈیو کے بعد وفاقی وزیر عطا تارڑ نے ان سے ملاقات کی، جس کے بعد ان کی پیشہ ورانہ معاونت کے لیے اقدامات کیے گئے۔ اب انہیں پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک میں 16 گریڈ کی پوسٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اظہر میمن کی آفر لیٹر کے ساتھ تصویر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ صارفین اس پیش رفت کو امید اور حوصلے کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
اظہر میمن کی کہانی کو سوشل میڈیا کی مثبت طاقت کی ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں ایک وائرل ویڈیو نے ایک شخص کی زندگی بدل کر رکھ دی۔