پنجاب ترقی کرے، باقی صوبے نہیں تو وہ پاکستان کی ترقی نہیں، وزیر اعظم

پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ دانش اسکول کی بنیاد رکھی، گلگلت بلتستسان میں 4 دانس اسکول قائم کیے جارہے ہیں، شہباز شریف


ویب ڈیسک May 07, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پنجاب ترقی کرے گا اور باقی صوبے ترقی نہیں کریں گے تو وہ صرف پنجاب کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے قابل تجدید توانائی (سولر بجلی)، سیف سٹیز، لیپ ٹاپ اسکیم و یوتھ بزنس و ایگری لون اسکیم کا افتتاح اور گلگت بلتستان میں 4 دانش اسکولز کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب اور سندھ ترقی کرے گا اور بلوچستان اور کے پی ترقی نہیں کریں گے تو یہ صرف دو صوبوں کی ترقی ہے، پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کی ترقی کی اس دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے اوربرابر کے نہ ہوں تو وہ پاکستان کی ترقی نہیں ہے۔

پنجاب میں بطور وزیر اعلیٰ دانش اسکول کی بنیاد رکھی، گلگلت بلتستسان میں 4 دانس اسکول قائم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خوبصورت ترین مقامات کا دورہ کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہونہار، قابل اور محنتی بچوں سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، بچوں نے شبانہ روز محنت کرکے لیپ ٹاپ حاصل کیے۔

 

قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورہء گلگت بلتستان کیلئے گلگت پہنچے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گلگت پہنچنے پر گورنر سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلی جسٹس (ر) یار محمد نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ، انجینئیر امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیرِ اعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور نگران وزیرِ اعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔

ملاقاتوں میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، صوبائی امن و امان کی صورتحال اور دیگر صوبائی امور پر گفتگو ہوئی۔