عمر کے ساتھ بڑھتی توند: چربی کے پھیلاؤ کا ممکنہ حل تلاش کرلیا گیا

پیٹ کے گرد جمع ہونے والی ورسیکل فیٹ کو جسمانی چربی کی سب سے نقصان دہ قسم سمجھا جاتا ہے

عمر بڑھنے کے ساتھ جسم میں پیٹ اور کمر کے گرد جمع ہونے والی خطرناک چربی طویل عرصے سے طبی ماہرین کے لیے تشویش کا باعث رہی ہے، مگر اب ایک نئی تحقیق نے اس مسئلے کے تدارک کے لیے امید افزا راستہ دکھایا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق پیٹ کے گرد جمع ہونے والی ورسیکل فیٹ نہ صرف جسمانی ساخت کو متاثر کرتی ہے بلکہ دل کے امراض، ذیابیطس اور دیگر سنگین بیماریوں کے خطرات بھی بڑھا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے جسمانی چربی کی سب سے نقصان دہ قسم سمجھا جاتا ہے۔

حالیہ تحقیق میں سائنسدانوں نے مخصوص ہارمونز کے کردار کا جائزہ لیا جو جسم میں چربی کے ذخیرے کی تقسیم پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کی 66 خواتین شامل کی گئیں، جنہیں کولہے کی ہڈی کے فریکچر کے بعد testosterone پر مبنی جیل دی گئی۔

چھ ماہ کے مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ اگرچہ مجموعی چربی کی مقدار میں نمایاں فرق نہیں آیا، مگر جن خواتین نے ہارمونل جیل استعمال کی، ان کے پیٹ اور کمر کے گرد نقصان دہ چربی میں واضح کمی دیکھی گئی، جبکہ دیگر خواتین میں توند کی چربی میں اضافہ ہوا۔

محققین کے مطابق یہ نتائج مستقبل میں ایسی نئی طبی حکمت عملیوں کی بنیاد بن سکتے ہیں جو عمر کے ساتھ بڑھتی ہوئی توند کو روکنے میں مددگار ہوں۔ یہ تحقیق جرنل Obesity Pillars میں شائع ہوئی ہے اور اسے میٹابولک صحت کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Load Next Story