کراچی، ڈاکو سنار سے 23 لاکھ روپے نقد اور ایک کلو چاندی چھین کر فرار
شہر قائد میں کریم آباد فلائی اوور پر موٹر سائیکل سوار ڈاکو سنار سے 23 لاکھ روپے نقد اور لاکھوں روپے مالیت کی ایک کلو چاندنی بھی چھین کر فرار ہوگئے۔
عزیز آباد پولیس نے واردات کا مقدمہ سنار کی مدعیت میں درج کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او عزیز آباد زبیر اعوان نے بتایا کہ کریم آباد فلائی اوور پر جمعرات کی شام حسن نامی سنار جس کی یوسف پلازہ انار کلی میں سنار کی دکان ہے وہ 23 لاکھ روپے نقد اور ایک کلو چاندی شاپر میں رکھ کر اپنے ہیلمٹ میں چھپا کر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ جیسے ہی وہ کریم آباد فلائی اوور پر پہنچا تو عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے اسے اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکل کی ٹنکی پر رکھا ہوا ہلمٹ چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
ڈاکوؤں کی جانب سے صرف ہیلمٹ ہی لیکر جانے سے پولیس کو قوی شبہ ہے کہ واردات مخبری کا نتیجہ ہے جس کی مزید چھان بین جاری ہے۔
تاہم پولیس نے سنار کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل بھی جاری ہے ۔