وزیراعلیٰ سندھ سے پارلیمانی سیکرٹری روما مشتاق مٹو کی ملاقات، اقلیتی برادری کے مسائل پر گفتگو
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے رکن سندھ اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور روما مشتاق مٹو نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں اقلیتی برادری، خواتین اور نوجوانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت روما مشتاق مٹو نے اقلیتی طلبہ و نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ فراہمی کی خصوصی اسکیم کی تجویز پیش کی، تاکہ ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کے اس جدید دور میں نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
روما مشتاق مٹو نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف تعلیم تک رسائی کو آسان بنائے گا بلکہ نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دے کر انہیں معاشی طور پر بااختیار بھی بنائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیکنالوجی کو ترقی کا بنیادی ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس تجویز کی فوری منظوری دی اور متعلقہ محکمے کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق، خواتین کے تحفظ اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیرِاعظم ہوں گے اور اقلیتوں کے لیے تاریخی اقدامات ہو نگے۔