کراچی: لسبیلا پل کے نیچے واٹر بورڈ کی مین لائن سے پانی کی چوری بے نقاب
کراچی: واٹر کارپوریشن نے شہر میں پانی چوری کے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز اور واٹر کارپوریشن نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لسبیلا پل کے نیچے غیر قانونی سب سوائل نیٹ ورک پکڑا، جہاں 33 انچ مرکزی لائن سے خفیہ سرنگ کے ذریعے پانی چوری کیا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 30 فٹ گہرے ٹینک میں چھپی سرنگ کے ذریعے واٹر لائن سے براہ راست کنکشن لیا گیا تھا، جبکہ کارروائی کے دوران 80 ہارس پاور ہائی سکشن مشین اور 4 انچ پائپ لائن بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق چوری شدہ پانی کے نمونے کا ٹی ڈی ایس 450 ریکارڈ کیا گیا، جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ سب سوائل نہیں بلکہ مرکزی لائن کا صاف میٹھا پانی تھا۔ ماہرین نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے۔
کارروائی کے دوران شکیل مہر اور ابراہیم کے زیر استعمال تین سب سوائل نیٹ ورکس کی تلاشی لی گئی، جہاں سے میٹھے پانی کی چوری کی تصدیق ہوئی۔ حکام نے غیر قانونی نیٹ ورک کو سیل کر دیا ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق ملوث ملزمان شکیل مہر اور ابراہیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ شکیل مہر کے نیٹ ورک سے پانی چوری اور نادہندگی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس پر تقریباً 10 کروڑ روپے کے واجبات بقایا ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بروقت کارروائی سے قومی وسائل کے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا، شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور عوام کو شفاف اور منصفانہ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔