مہمند اور داسو ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیراتی لاگت میں 16 کھرب 7 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا

وزارتِ آبی وسائل نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں

مہمند اور داسو ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیراتی لاگت میں 16 کھرب 7 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

مہمند اور داسو ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی لاگت 8 کھرب روپے سے بڑھ کر 24 کھرب روپے تک جا پہنچی۔ وزارتِ آبی وسائل نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

دستاویز کے مطابق مہمند ڈیم کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 309 ارب 55 کروڑ روپے سے بڑھ کر 665 ارب 74 کروڑ روپے ہوگیا۔

داسو ڈیم کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 486 ارب روپے سے بڑھ کر 17 کھرب 37 ارب 88 کروڑ روپے تک جا پہنچا۔

مہمند ڈیم کی تعمیراتی لاگت میں 356 ارب 18 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ داسو ڈیم کی تعمیراتی لاگت میں 12 کھرب 51 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزارتِ آبی وسائل کے مطابق مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اصل تخمینہ لاگت منظور شدہ پی سی ون کے مطابق 309,558 ملین روپے تھی، جس پر ٹھیکہ دیا گیا تھا۔

وزارتِ آبی وسائل نے بتایا کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت 665,743 ملین روپے ہے، جبکہ نظرثانی شدہ پی سی ون وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات میں منظوری کے مراحل میں ہے۔

وزارتِ آبی وسائل کے مطابق 2014 میں منظور شدہ پی سی ون کے تحت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اصل تخمینہ لاگت 486,093 ملین روپے تھی۔

وزارتِ آبی وسائل نے بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت 17 کھرب 37 ارب 88 کروڑ روپے ہے، جبکہ منصوبے کا دوسرا نظرثانی شدہ پی سی ون این ای سی نے دسمبر 2025 میں منظور کیا۔

وزارتِ آبی وسائل کے مطابق مہمند ڈیم منصوبے میں مقامی آبادی کی ترقی کے لیے 16 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم نظرثانی شدہ پی سی ون میں یہ فنڈز بڑھا کر 4 ارب 50 کروڑ روپے کر دیے گئے۔

داسو ڈیم منصوبے میں مقامی آبادی کی ترقی کے لیے مختص رقم بھی نظرثانی شدہ پی سی ون میں 7 ارب روپے سے بڑھا کر 57 ارب روپے کر دی گئی۔

Load Next Story