آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی شہید کو ستارہ جرأت سے نواز دیا گیا
فوٹو ایوان صدر
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر کوہاٹ کے قریب اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی کو صدر پاکستان نے ستارہ شجاعت سے نواز دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں بہادر اور شہید شہری لیاقت علی کو دیے جانے والا ستارہ شجاعت شہید شہری لیاقت علی کی والدہ نے وصول کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید لیاقت علی نے ہمت و بہادری کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت کیلئے ملک کا ہر شہری سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہری آبادیوں اور معصوم و نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد پاکستانی قوم کے بلند حوصلے کو پست نہیں کر سکتے، مجھ سمیت پوری قوم شہید لیاقت علی اور انکے اہل خانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔