کراچی؛ ایف آئی اے کا چھاپا، 940 ملین ایرانی ریال اور لاکھوں روپے برآمد

ملزم نے اسٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر غیر قانونی کرنسی کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے، ترجمان ایف آئی اے

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے غیر قانونی فارن کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں ایرانی ریال برآمد کر لیے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی جبکہ چھاپا ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی نگرانی میں کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے کراچی کے علاقے کھارادر میں چھاپا مار کارروائی کی، جس کے دوران ملزم محمد حنیف ولد عمر فاروق کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم غیر قانونی طور پر فارن کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 37 لاکھ روپے نقد رقم اور 940 ملین ایرانی ریال برآمد کیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اسٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر غیر قانونی کرنسی کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق برآمد شدہ کرنسی اور موبائل فون کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 02/2026 درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی فارن کرنسی کاروبار اور معیشت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

Load Next Story