نواز شریف نے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے وفاقی وزرا کو جاتی امرا طلب کر لیا
فوٹو: اسکرین گریب
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر نواز شریف نے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے وفاقی وزرا کو جاتی امرا طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں وفاقی بجٹ کی تیاری مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی مشاورت سے مکمل کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے بجٹ سے متعلق مشاورتی نشست کے لیے وفاقی وزرا کو جاتی امرا طلب کر لیا ہے اور وفاقی وزیر علی پرویز سمیت متعدد وزرا مشاورت میں شرکت کے لیے جاتی امرا جائیں گے۔
وفاقی وزرا نواز شریف کو 2026-27 کے بننے والے بجٹ کے حوالے بریفنگ دیں گے۔ اجلاس کے دوران بجٹ میں لگنے والے مجوزہ ٹیکسز اور آئی ایم ایف کی صورتحال سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کررہی ہے، جس کے بعد بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔