چین نے ایران اور امریکا سے بڑا مطالبہ کر دیا

خطے میں کشیدگی کا واحد حل سفارت کاری اور مذاکرات ہیں

چین نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے اور آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کا واحد حل سفارت کاری اور بات چیت ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ چین کے نزدیک آبنائے ہرمز کے مسئلے کا پائیدار حل امریکا اور ایران کے درمیان مستقل اور جامع جنگ بندی کے قیام میں مضمر ہے۔

چینی نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں وانگ ای نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے اور مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد درست راستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل فوری طور پر کامیاب نہیں ہوتا، تاہم جب ایک بار بات چیت کا دروازہ کھل جائے تو اسے دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیجنگ خطے میں امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور جنگ کے فوری خاتمے کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

 

Load Next Story