محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا
سلہٹ: تجربہ کار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرلیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد عباس بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستان کے چند منتخب بولرز میں شامل ہو گئے ہیں۔
محمد عباس نے یہ کارنامہ اُس وقت انجام دیا جب انہوں نے میزبان ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی انہوں نے بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔
محمد عباس نے میچ میں شاندار بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیشی اوپنرز محمود الحسن جوی اور تنزید حسن کو بھی آؤٹ کیا، جس سے میزبان ٹیم ابتدائی مشکلات کا شکار ہو گئی۔
36 سالہ فاسٹ بولر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ کارنامہ وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل انجام دے چکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بولنگ اوسط 23.02 رہی ہے جو ان تمام بولرز میں سب سے بہتر قرار دی جا رہی ہے جنہوں نے 100 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اب تک محمد عباس 51 اننگز میں 109 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جن میں سے صرف 9 وکٹیں پاکستان میں حاصل ہوئیں جبکہ باقی تمام وکٹیں بیرونِ ملک حاصل کیں۔
گزشتہ میچ میں بھی انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں اور سیریز کے آغاز سے ہی بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔