گلگت بلتستان انتخابات: پاکستان مسلم لیگ نے 11 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے*

چئیرمین پارلیمانی بورڈ چوہدری سالک حسین کی منظوری سے امیدواروں کے نام فائنل ہوئے

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ نے 11 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، جس کا اعلان ترجمان مصطفیٰ ملک نے کیا۔

چئیرمین پارلیمانی بورڈ چوہدری سالک حسین کی منظوری سے امیدواروں کے نام فائنل ہوئے۔ پارلیمانی بورڈ کے اراکین طارق حسن، ڈاکٹر محمد امجد، ملک ثمین، کامران عثمانی اور نیاز خاصخیلی نے گلگت اور سکردو کا دورہ بھی کیا۔ صوبائی صدر دلفراز خان نے مرکزی قیادت کو گلگت بلتستان کی انتخابی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

گلگت، نگر، ہنزہ، سکردو، استور، دیامر، غذر اور گانچھے سے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار میدان میں آگئے ہیں۔ جی بی اے 1 گلگت ون سے دل فراز خان، جی بی اے 2 سے عاصم خان، جی بی اے 3 گلگت تھری سے محمد شریف، جی بی اے 5 نگر ون سے عابد حسین، جی بی اے 6 ہنزہ ون سے خاتون امیدوار خوشنور دیدار، جی بی اے 8 سکردو ٹو سے کیپٹن محمد سکندر علی، جی بی اے 12 شگر ون سے کیپٹن (ر) مہدی خان، جی بی اے 14 استور ٹو سے غضنفر اکرم خان، جی بی اے 15 دیامر ون سے نورالحق حب الحق خان، جی بی اے 19 غذر ون سے شیر عالم گزری، جی بی اے 20 غذر ٹو سے بختاور شاہ، جی بی اے 21 غذر تھری سے تاجور حسین اور جی بی اے 24 گانچھے تھری سے شیخ الطاف حسین پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان میں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی۔ صوبائی صدر دلفراز خان نے کہا کہ امیدواروں کا پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔
 

Load Next Story