برطانیہ کا مشرق وسطیٰ میں اینٹی ڈرون میزائل سسٹم نصب
فوٹو: فائل
برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں ڈرون حملوں کے خلاف برطانوی افواج، شہریوں اور خطے کے اتحادیوں کا دفاع مضبوط کرنے کے لیے کم لاگت میزائل نظام نصب کر دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ ایڈوانسڈ پریسیژن کل ویپن سسٹم(اے پی کے ڈبلیو ایس) اب خطے میں آپریشنز انجام دینے والے رائل ایئر فورس کے ٹائفون لڑاکا طیاروں پر نصب کر دیا گیا ہے، جو اس سے قبل طیاروں میں استعمال ہونے والے میزائلوں کے مقابلے میں بہت کم لاگت پر ڈرونز اور دیگر خطرات کو تباہ کر سکیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ نظام اب مشرق وسطیٰ میں آپریشنز کے دوران تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں 9 اسکواڈرن کے آر اے ایف ٹائفون لڑاکا طیارے برطانوی شہریوں، مفادات اور شراکت داروں کو خطرات سے محفوظ رکھنے کے مشنز انجام دے رہے ہیں۔
برطانیہ کے وزیر برائے دفاعی پیداوار اور صنعت لیوک پولارڈ نے کہا کہ صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر چند ہی ماہ میں اس نظام کی آزمائش اور تعیناتی ایک شان دار کامیابی ہے، جس سے آر اے ایف کم لاگت پر کہیں زیادہ ڈرونز کو مار گرا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹائفون فضائیہ برطانیہ اور نیٹو کے فضائی دفاع کی ریڑھ کی ہڈی ہے، آر اے ایف یورپ کے مشرقی محاذ کو روسی ڈرون دراندازیوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں کا بھی دفاع کر رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اے پی کے ڈبلیو ایس ایک لیزر ہدفی نظام استعمال کرتا ہے جو بغیر رہنمائی والے راکٹوں کو درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں میں تبدیل کر دیتا ہے، جو ڈرونز اور دیگر فضائی خطرات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق کم لاگت فضائی دفاعی نظام کی تیاری جدید جنگوں میں ڈرونز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ردعمل فراہم کرے گی۔