انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیک اسمتھ انتقال کر گئے
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیک اسمتھ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
واروکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے مطابق سابق کپتان، جو اپنے ابتدائی نام “MJK” سے بھی جانے جاتے تھے، پیر کے روز وفات پا گئے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز مائیک اسمتھ نے 1958 میں انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور مجموعی طور پر 50 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں سے 25 میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی۔
کلب کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ “واروکشائر بیئرز کے لیجنڈ ایم جے کے اسمتھ کے انتقال کی خبر سے گہرا دکھ ہوا ہے۔”
اپنے شاندار فرسٹ کلاس کیریئر میں انہوں نے 637 میچوں میں 39 ہزار 832 رنز بنائے جو اب تک تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں 18ویں نمبر پر ہیں۔
مائیک اسمتھ صرف کرکٹ تک محدود نہیں رہے بلکہ انہوں نے 1964 میں انگلینڈ کی رگبی یونین ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔ بعد ازاں وہ 1991 سے 1996 تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے میچ ریفری بھی رہے۔