شمالی وزیرستان میں سینٹائزیشن آپریشن، 24 گھنٹوں میں 22 خوارج ہلاک
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں سیکیورٹی فورسز کے سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزنے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے تلاش کیا اور 24 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 22 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا جبکہ سینٹائزیشن آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اعلامیے میں بتایا کہ خوارج نے محفوظ راستہ لینے کیلئے مقامی آبادی کوزبردستی انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کیا، اس طرح کی افسوسناک حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں، عوامی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا کوئی جواز نہیں بن سکتا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ویژن عزم استحکام کے تحت علاقے میں چھپے خوارج کے خاتمہ کیلئے آپریشن کر رہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام ویژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور اسے جڑ سے ختم کرنے کیلیے اقدامات جاری ہیں۔