پاکستان کی ترقی کوپروپیگنڈے، جعلی خبروں، بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی سے نہیں روکاجاسکتا، فیلڈ مارشل

پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی


ویب ڈیسک May 19, 2026

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں، پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے کالج میں تربیت کے اعلیٰ معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے انداز پر روشنی ڈالی اور  ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے باہمی اشتراک اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افسران خود کو اور اپنی فورسز کو مسلسل تربیت دیں تاکہ بدلتے ہوئے جنگی حالات کا موٴثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے، فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں، پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا، پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔

عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ  طویل المدتی ترقی کے لیے عوامی فلاح پر مبنی حکمت عملی، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی بہبود، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا اور بلوچستان میں امن و استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی تعریف کی،  کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔